اتوار، 9 فروری، 2025

لیپ سال: اضافی دن کا راز اور تاریخ...وصی حیدر

ہم میں سے بہت سے لوگ حیران ہوتے ہیں کہ ہر چوتھے سال فروری میں 29 دن کیوں ہوتے ہیں۔ اسے لیپ ڈے کے نام سے جانا جاتا ہے اور جب ہم فروری کے مہینے میں اس اضافی دن کو شامل کرتے ہیں تو اسے لیپ سال کہتے ہیں۔ اس طرح، لیپ سال میں ہمارے پاس عام 365 دنوں کے بجائے 366 دن ہوتے ہیں۔ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ طاقتور لوگوں کا کوئی خفیہ گروپ ہے جو ہر چار سال کے بعد ایک دن کا اضافہ کرنے کا فیصلہ کرتا ہے، لیکن حقیقت میں اس کی سائنسی اور فلکیاتی وجوہات ہیں۔

زمین کا اپنی دھری پر پورا ایک چکر گھومنے کو ہم ایک دن کہتے ہیں اور زمین کا سورج کے گرد ایک چکر مکمل کرنے کو ہم ایک سال کہتے ہیں۔ ایک دن اور ایک سال کی وجہ ایک دوسرے سے مکمل طور پر مختلف ہے۔ قدرت کا کوئی قانون نہیں ہے کہ سال پورے دنوں میں تقسیم ہی ہونا چاہیے۔ درحقیقت، ہماری زمین سورج کے گرد ایک چکر مکمل کرنے میں 365 دنوں کے علاوہ تقریباً 6 گھنٹے زیادہ لیتی ہے۔ لہذا اگر ہمارے کیلنڈر میں صرف 365 دن ہوتے تو یہ 6 گھنٹے ہر سال شامل ہونے کے بجائے ضائع ہو جاتے۔ ہر چار سال بعد یہ اضافی گھنٹے تقریباً 24 گھنٹے یعنی پورے ایک دن کے برابر ہو جاتے ہیں، اس لیے اس دن کو فروری میں شامل کر دیا جاتا ہے تاکہ سال کا حساب درست رہے۔

اگر لیپ سال نہ ہوتا تو ہر سال 6 گھنٹے کا فرق آتا اور کچھ ہی صدیوں میں کیلنڈر موسموں کے ساتھ ہم آہنگ نہ رہتا۔ وقت گزرنے کے ساتھ نیا سال جون میں آتا، سردیوں کا موسم جولائی میں ہوتا اور کچھ صدیوں بعد کرسمس گرم موسم میں آجاتا۔ یہی وجہ ہے کہ لیپ سال ضروری ہے تاکہ ہمارا کیلنڈر زمین کی حرکت کے مطابق برقرار رہے۔

تقریباً دو ہزار سال قبل، رومی حکمرانوں نے محسوس کیا کہ ایک سال کے 365 دنوں میں کچھ مسئلہ ہے۔ اس دور میں وقت کی پیمائش کے لیے صرف سن ڈائل استعمال ہوتا تھا۔ جیسے ہی انہیں ہر سال اس اضافی 6 گھنٹے کا احساس ہوا، انہوں نے اپنے 365 دن کے کیلنڈر میں ترمیم کی۔ اس کوشش کے نتیجے میں جولین کیلنڈر سامنے آیا کیونکہ یہ جولیس سیزر کے زمانے میں لاگو ہوا تھا۔

رومی سینیٹ نے ایک حل تلاش کیا۔ انہوں نے ہر سال کے اضافی 6 گھنٹے تین سال تک شمار نہ کرنے اور چوتھے سال میں پورے 24 گھنٹے یعنی ایک دن کا اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا۔ یہ اضافہ فروری کے مہینے میں کیا گیا کیونکہ اس مہینے میں سب سے کم دن ہوتے تھے۔ اس طرح، نئے جولین کیلنڈر میں ہر چار سال کے بعد ایک اضافی دن کا اصول متعارف ہوا۔

یہ کیلنڈر تقریباً 1500 سال تک استعمال ہوتا رہا۔ اس دوران وقت کی پیمائش کرنے والے آلات زیادہ بہتر ہوتے گئے اور معلوم ہوا کہ زمین سورج کے گرد چکر مکمل کرنے میں 365 دنوں کے بعد اضافی 6 گھنٹوں سے بھی کچھ کم وقت لیتی ہے۔ رومیوں کے پاس اتنی باریک پیمائش کا طریقہ نہیں تھا، اس لیے انہیں اس غلطی کا اندازہ نہ ہوا۔ بعد میں پتا چلا کہ صدیوں میں ہم جولین کیلنڈر کی وجہ سے کچھ زیادہ دن شمار کر رہے ہیں۔ اس کا نتیجہ یہ نکلا کہ کچھ اہم سالانہ تہواروں کی تاریخ میں تبدیلی آ رہی تھی، جیسے موسم بہار کا آغاز، جسے ورنل ایکوینوکس کہا جاتا ہے۔ چند صدیوں میں یہ دن 21 مارچ سے 20، پھر 19 اور پھر 18 مارچ کی طرف کھسکنے لگا۔

1580 کے آس پاس، عیسائی سربراہ پوپ گریگوری نے محسوس کیا کہ ایسٹر کی تاریخ ہر سال بدل رہی ہے اور اس نے ماہرین فلکیات سے کہا کہ وہ اس مسئلے کا حل تلاش کریں۔ مختلف ماہرین فلکیات نے اس مسئلے پر تحقیق کی اور نتیجہ اخذ کیا کہ جولین کیلنڈر کی وجہ سے دس دن کا فرق آ چکا ہے۔ زمین کے سورج کے گرد چکر مکمل کرنے کے اصل وقت اور کیلنڈر کے درمیان معمولی فرق 1500 سالوں میں 10 دن کے اضافے کی صورت میں سامنے آیا۔

اس خرابی کو دور کرنے کے لیے، 1582 میں گریگورین کیلنڈر متعارف کرایا گیا جس میں 4 اکتوبر کے بعد 15 اکتوبر کر دیا گیا تاکہ یہ فرق ختم ہو سکے۔ اس نئے کیلنڈر میں لیپ سال کے اصول میں معمولی تبدیلی کی گئی۔ اب بھی ہر چار سال کے بعد ایک لیپ ڈے کا اصول برقرار رکھا گیا، لیکن ہر سو سال کے بعد اس اصول میں نرمی کی گئی۔ اب وہ سال جو 100 سے تقسیم ہو سکتا ہو، لیپ سال نہیں ہوگا، جب تک کہ وہ 400 سے بھی تقسیم نہ ہو سکے۔ مثال کے طور پر، 1700، 1800، اور 1900 لیپ سال نہیں تھے، جبکہ 1600 اور 2000 لیپ سال تھے۔

یہ حیران کن کامیابی تھی کہ عیسائی ماہرین فلکیات زمین کے سورج کے گرد چکر کے وقت کا درست حساب کتاب کرنے میں کامیاب رہے، وہ بھی بغیر کسی جدید دوربین کے۔ انہوں نے پایا کہ زمین سورج کے گرد چکر تقریباً 365.2425 دن میں مکمل کرتی ہے جبکہ جولین کیلنڈر میں یہ وقت 365.25 دن فرض کیا گیا تھا۔ اس معمولی فرق کی وجہ سے جولین کیلنڈر ہر 400 سال میں تین دن کا اضافہ زیادہ کر دیتا تھا، جسے گریگورین کیلنڈر میں درست کر دیا گیا۔

اگرچہ یہ طریقہ بھی مکمل طور پر درست نہیں ہے اور ہر 3030 سال میں ایک دن کا فرق پیدا ہو سکتا ہے لیکن زمین کی گردش کی موجودہ شرح اس طویل عرصے میں بدل سکتی ہے، اس لیے فوری طور پر کسی بڑی تبدیلی کی ضرورت محسوس نہیں کی گئی۔ مزید یہ کہ زمین کی اپنی دھری پر گردش کی رفتار بھی وقت کے ساتھ کم ہو رہی ہے، جس سے دن قدرے طویل ہوتے جا رہے ہیں۔

لیپ سال کا تصور محض ایک اضافی دن کا اضافہ نہیں بلکہ ایک سائنسی اور فلکیاتی ضرورت ہے۔ اگر ہم لیپ سال کا خیال نہ رکھیں تو چند صدیوں میں ہمارا کیلنڈر مکمل طور پر بگڑ جائے گا اور موسمی تبدیلیاں ہمارے کیلنڈر سے مطابقت نہیں رکھیں گی۔ یہی وجہ ہے کہ لیپ سال کو باقاعدہ اصول کے تحت شامل کیا جاتا ہے تاکہ وقت اور موسمی تبدیلیوں کے ساتھ ہم آہنگی برقرار رہے۔

آخر میں، اپنی سالگرہ کو صحیح وقت پر منانے کے لیے زمین کے سورج کے گرد پورے چکر کو سمجھنا ضروری ہے۔ ہفتے کے کسی مخصوص دن کی فکر نہ کریں کیونکہ وہ آپ کی سالگرہ کا اصل دن نہیں، بلکہ ایک نظام کا نتیجہ ہے جو زمین کی حرکت کے مطابق بنایا گیا ہے۔



from Qaumi Awaz https://ift.tt/9m2VuP0

پیر، 3 فروری، 2025

مشکل میں اسرو کا 100واں مشن، آئیے ڈالتے ہیں اسرو کے 5 کامیاب اور 5 ناکام مشن پر ایک نظر

انڈین اسپیس ریسرچ آرگانئزیشن (اسرو) اب تک خلا میں کئی دفعہ اپنی کامیابی کا پرچم لہرا چکا ہے۔ چند روز قبل اسرو کا 100 واں راکٹ مشن بھی کامیابی کے ساتھ لانچ کیا گیا تھا، لیکن اب یہ مشن مشکل میں نظر آ رہا ہے۔ اس مشن کے تحت لانچ کیا گیا نیویگیشن سیٹلائٹ تکنیکی خرابی کا شکار ہو گیا ہے۔ اسرو نے اپنی ویب سائٹ پر اس حوالے سے کہا کہ سیٹلائٹ کو آربٹ میں رکھنے کا عمل مکمل نہیں ہو سکا کیونکہ تھرسٹر کو فائر کرنے کے لیے ضروری آکسیڈائزر کے داخلے کی اجازت دینے والے وَالو کھلے ہی نہیں۔ واضح ہو کہ ایسا پہلی دفعہ نہیں ہوا ہے جب اسرو کے سامنے مشکل آئی ہو۔ اس سے قبل بھی ایسی مشکلات آتی رہی ہیں، وہیں کئی بڑے بڑے مشن میں کامیابی بھی ملی ہے۔

آئیے ذیل میں اسرو کے 5 کامیاب اور 5 ناکام مشن کے بارے میں جانتے ہیں۔ سب سے پہلے ہم ذکر کرتے ہیں اسرو کے 5 کامیاب مشن کا:

1- سال 1975 میں آریہ بھٹ سیٹلائٹ سے کی شروعات: عظیم ہندوستانی ماہر فلکیات آریہ بھٹ کے نام پر اسرو نے آریہ بھٹ نام کا پہلا سیٹلائٹ تیار کیا تھا۔ اس کی مینوفیکچرنگ سے لے کر ڈیزائننگ اور اسمبلی تک کا کام، مکمل طور پر ہندوستان میں ہی کیا گیا تھا۔ 360 کلوگرام سے زیادہ وزنی اس سیٹلائٹ کو 19 اپریل 1975 کو روس کی مدد سے وولگوگراڈ لانچ اسٹیشن سے لانچ کیا گیا تھا۔ اسے سوویت کوسموس-3ایم سے لانچ کیا گیا تھا۔ اسی سے اسرو کی کامیاب مشنوں کی راہ کھلی تھی۔

2- انڈین نیشنل سیٹلائٹ سسٹم (انسَیٹ): آج ایشیا بحرالکاہل کے خطے میں سب سے بڑا گھریلو مواصلاتی سیٹلائٹ سسٹم ہے۔ اس کی شروعات 1983 میں کی گئی تھی۔ یہ ٹی وی نشریات، سماجی ایپلی کیشنز، موسم کی پیشین گوئی، آفات کے انتباہ، تلاش اور بچاؤ کی سرگرمیوں میں مدد فراہم کرتا ہے۔

3- چاند پر رکھا ہندوستان نے قدم: اسرو نے ہندوستان کو چاند پر پہنچانے کے لیے 22 اکتوبر 2008 کو چندریان-1 مشن لانچ کیا تھا۔ چندریان-1 8 نومبر 2008 کو کامیابی کے ساتھ چاند کے مدار میں داخل ہوا تھا۔ چندریان-1 چاند کی سطح سے 100 کلومیٹر کی اونچائی پر اس کے گِرد چکر لگانے کے ساتھ ہی کیمیائی، معدنی اور تصویری ارضیاتی نقشہ سازی کی۔

4- مریخ پر پہنچا ہندوستان: ہندوستان کو اپنی پہلی ہی کوشش میں مریخ پر پہنچانے میں بھی اسرو نے کامیابی حاصل کی تھی۔ منگل آربٹ مشن (ایم او ایم) ہندوستان کا پہلا بین سیاروں کا مشن تھا۔ اس کے لیے 5 نومبر 2013 کو منگلیان کو سری ہری کوٹا سے پی ایس ایل وی-سی25 راکٹ سے لانچ کیا گیا تھا۔ اس میں کامیابی ملنے کے ساتھ ہی مریخ کے مدار میں کامیابی کے ساتھ  خلائی جہاز لانچ کرنے والا اسرو چوتھی خلائی ایجنسی بن گئی تھی۔ اس مشن کی مدت 6 ماہ ہی تھی لیکن اس کے بعد بھی سالوں تک ایم او ایم مدار میں نصب رہی اور کام کرتی رہی۔

5- چاند کے جنوبی قطب پر سافٹ لینڈنگ: 23 اگست 2023 کو اسرو نے چاند پر ایک اور تاریخ رقم کی۔ چندریان-3 کے وکرم لینڈر نے چاند کے جنوبی قطب پر سافٹ لینڈنگ کی تھی۔ اس کے ساتھ ہی ہندوستان چاند کے جنوبی قطب پر کامیبای کے ساتھ چندریان کو اتارنے والا پہلا ملک بن گیا۔ اس کے علاوہ امریکہ، روس اور چین کے بعد کامیابی کے ساتھ چاند پر ’روور‘ اتارنے والا ہندوستان چوتھا ملک بن گیا۔

اسرو کے 5 ناکام مشن:

1- روہنی ٹیکنالوجی پے لوڈ: 10 اگست 1979 کو لانچ کیا گیا روہنی ٹیکنالوجی پے لوڈ حقیقت میں اسرو کے ناکام مشن کی فہرست میں شامل ہے۔ 35 کلوگرام کے اس سیٹلائٹ کو اسرو کے سائنسداں مدار میں نہیں رکھ پائے تھے۔ روہنی ٹیکنالوجی پے لوڈ لے جانے کے لیے ایس ایل وی 3 کا استعمال کیا گیا تھا اور یہ ایس ایل وی 3 کی پہلی پرواز تھی۔ اس ناکامی کے بعد سابق صدر جمہوریہ ڈاکٹر اے پی جے عبد الکلام نے کہا تھا کہ اس نے سکھایا کہ جب بھی آپ ناکام ہوتے ہیں ذمہ داری ٹیم لیڈر لیتا ہے۔ آپ جب کامیاب ہوتے ہیں تو پوری ٹیم کو کریڈٹ دیا جاتا ہے۔

2- چندریان-2 سے رابطہ منقطع ہوا: چندریان 3 سے قبل ہندوستان نے ایک اور مشن کو انجام دیا تھا جس میں جزوی طور پر کامیابی ملی تھی۔ چندریان-1 سے رابطہ منقطع ہونے کے 10 سال بعد اسرو نے سری ہری کوٹا سے چندریان-2 لانچ کیا تھا۔ اسرو کے سائنسدانوں کے لیے یہ ایک بڑا چیلنج تھا کیونکہ چندریان-2 کے لینڈر کو جنوبی قطب پر اترنا تھا۔ 7 ستمبر 2019 کو آخری وقت میں لینڈر وکرم کا کنٹرول روم سے رابطہ منقطع ہو گیا تھا۔ حالانکہ یہ مشن مکمل طور پر ناکام نہیں تھا۔ پھر اس کے بعد ہی ہندوستان نے چاند کے جنوبی قطب پر لینڈر اتارنے میں کامیابی حاصل کی اور ایسا کرنے والا دنیا کا پہلا ملک بنا تھا۔

3- اے ایس ایل وی-ڈی1 مشن بھی فیل: اسرو کا آگمینٹیڈ سیٹلائٹ لانچ وہیکل اے ایس ایل وی-ڈی1 مشن بھی ناکام ہو گیا تھا۔ یہ مارچ 1987 کو سائنسی آلات کے ساتھ ساتھ ایس آر او اے اے-1 سیٹلائٹ لے جانے والی پہلی ڈیولپمنٹ فلائٹ تھی۔ حالانکہ اس میں کامیابی نہیں ملی تھی۔

4- پی ایس ایل وی-سی 3 کی ناکام پرواز: پی ایس ایل وی-سی 3 کی پرواز بھی ناکام رہی تھی۔ یہ 41ویں پرواز 31 اگست 2017 کی شام کو ستیش دھون خلائی مرکز سے شروع کی گئی تھی۔ حالانکہ اس مشن میں طے شدہ منصوبہ کے مطابق ہیٹ شیلڈ سیپریشن میں کامیابی نہیں مل پائی تھی۔ اسی وجہ سے یہ مشن ناکام ہو گیا تھا۔

5- جی ایس ایل وی-ایف 2 نہیں مکمل کر سکا مشن: جی ایس ایل وی-ایف2 کو بھی سری ہری کوٹا میں واقع ستیش دھون خلائی مرکز سے لانچ کیا گیا تھا۔ یہ لانچ وہیکل اپنا مشن مکمل نہیں کر سکا تھا جس کی وجہ سے انسَیٹ 4 سی مشن ناکام رہا تھا۔ اسی طرح سے جی ایس ایل وی-ڈی-3 حقیقت میں جیو سنکرونس سیٹلائٹ لانچ وہیکل کی چھٹی اور تیسری ڈیولپمنٹ فلائٹ تھی۔ اس میں جی ایس ایل وی کو 2220 کلوگرام کا ایک تجرباتی ٹیکنالوجی کمیونیکیشن سیٹلائٹ جی ایس اے ٹی-4 لانچ کرنا تھا۔ حالانکہ یہ مشن کامیاب نہیں ہوا تھا۔



from Qaumi Awaz https://ift.tt/XQJEAPz

اتوار، 2 فروری، 2025

علاءدین کا چراغ اور ہمارا سورج

نیوٹن کی پیدائش سے کئی سو سال پہلے، گرمیوں کے ایک دن علاالدین اپنے اونٹ پر چراغ کے ساتھ عرب کے ریگستان میں گھومنے کے بعد ایک کھجور کے درخت کے سائے میں آرام کرنے لگا۔ دھوپ تیز تھی اور گرمی زیادہ، جس سے علاالدین کو لو لگ گئی اور طبیعت خراب ہو گئی۔ جب طبیعت سنبھلی تو اس نے چراغ رگڑ کر جن کو بلایا اور حکم دیا کہ سورج کے ہر ذرّے کو بکھیر دو تاکہ یہ ہمیشہ کے لیے ختم ہو جائے۔

جن نے اسے سمجھایا کہ سورج کے بغیر زمین پر زندگی ناممکن ہو جائے گی، مگر علاالدین اپنی ضد پر قائم رہا۔ فرض کریں کہ جن کے پاس بے پناہ طاقت ہے، تو سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ سورج کو ختم کرنے کے لیے اسے کتنی توانائی درکار ہوگی؟

سورج ایک گیسوں کا گولہ ہے جس نصف قطر تقریباً سات لاکھ کلومیٹر ہے اور وزن 2 کے بعد 30 صفر کلوگرام۔ سورج زمین سے 3 لاکھ 33 ہزار گنا بھاری ہے اور پورے نظام شمسی کے وزن کا 99 فیصد ہے۔ سورج کے ہر ذرّے کو بکھیرنے کے لیے جن کو کشش ثقل کے خلاف کام کرنا ہوگا۔ سائنس دانوں کے مطابق، اس کے لیے جن کو 2 کے بعد 41 صفر جول توانائی خرچ کرنا ہوگی۔

یہ توانائی اتنی زیادہ ہے کہ اسے انسانی پیمانے پر تصور کرنا مشکل ہے۔ مثال کے طور پر، اگر ہم زمین پر موجود تمام جوہری بموں کی طاقت کو اکٹھا کریں، تب بھی وہ توانائی سورج کو بکھیرنے کے لیے ناکافی ہوگی۔ یہ توانائی اس بات کو واضح کرتی ہے کہ سورج کتنا مستحکم اور طاقتور ہے۔

جن نے جیسے ہی سورج کو بکھیرنے کا کام مکمل کیا، دنیا میں اندھیرا چھا گیا، ٹھنڈ بڑھ گئی اور پودے مرجھا گئے۔ سورج کی روشنی زمین تک پہنچنے میں آٹھ منٹ لیتی ہے، لہٰذا اثرات فوراً نظر نہیں آئے۔ آٹھ منٹ کے بعد زمین پر مکمل تاریکی چھا گئی، درجہ حرارت تیزی سے نیچے گرنے لگا، سمندر جمنا شروع ہو گئے اور ہواؤں کی گردش رک گئی۔

علاالدین کو اپنی غلطی کا احساس ہوا اور اس نے جن کو حکم دیا کہ سورج کے ذرّات دوبارہ اکٹھے کر دے۔ جب جن نے سورج کے ذرّات کو جمع کرنا شروع کیا، تو اس نے دیکھا کہ کشش ثقل کی وجہ سے یہ ذرّات خود بخود ایک مرکز کی طرف واپس اکٹھے ہو رہے تھے۔ نیوٹن کے قوانین حرکت اور کشش ثقل کے مطابق، کسی بھی چیز پر قوت لگنے سے اس کی رفتار میں تبدیلی آتی ہے۔ یہی قوت سورج کے بکھرے ہوئے ذرّات کو واپس اکٹھا کر رہی تھی۔

سائنس دانوں کے مشاہدات کے مطابق، یہی عمل ستاروں کی تشکیل کا ذریعہ ہے۔ سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ سورج کے ذرّات کو اکٹھا کرنے میں کشش ثقل نے جو کام کیا، وہ توانائی کہاں گئی؟ اٹھارویں صدی کے سائنس دانوں لارڈ کیلون اور ہیلمہولٹز نے تجویز پیش کی کہ سورج کی گرمی اور روشنی، دراصل کشش ثقل کے کام کی توانائی ہے۔

یہ عمل یوں ہوتا ہے کہ بکھرے ہوئے ذرّات کشش ثقل کی وجہ سے اکٹھے ہوتے ہیں، ان کی رفتار بڑھتی ہے اور وہ گرم اور روشن ہو جاتے ہیں۔ درجہ حرارت کا تعلق ذرّات کی رفتار سے ہے۔ زیادہ درجہ حرارت کا مطلب زیادہ رفتار۔ جب ہم پانی گرم کرتے ہیں تو اصل میں اس کے مالیکیولز کی رفتار بڑھا رہے ہوتے ہیں۔

سورج کے اندرونی حصے کا درجہ حرارت تقریباً 15 ملین ڈگری سینٹی گریڈ ہے جبکہ سطح پر یہ 5500 ڈگری سینٹی گریڈ ہے۔ اتنی گرمی کے دو اثرات ہوتے ہیں: ایک تو یہ کہ ذرّات باہر کی طرف پھیلنے کی کوشش کرتے ہیں، جبکہ کشش ثقل انہیں اندر کی طرف کھینچتی ہے۔ جب تک یہ قوتیں برابر رہتی ہیں، سورج مستحکم رہتا ہے۔

دوسرا اثر یہ ہے کہ سورج کی توانائی روشنی اور گرمی کی صورت میں خارج ہوتی ہے، جو زمین پر زندگی کو ممکن بناتی ہے۔ کیلون اور ہیلمہولٹز کی تجویز کے مطابق، سورج کی چمک کشش ثقل کی توانائی کا نتیجہ ہے۔ تاہم، اس نظریے کی جانچ کے لیے سائنس دانوں نے سورج سے نکلنے والی توانائی کی مقدار ناپی اور سورج کی عمر کا اندازہ لگایا۔

اس حساب سے سورج کی عمر صرف 3 کروڑ سال بنتی تھی، جبکہ زمین کی عمر تقریباً 4.54 ارب سال ہے۔ یہ تضاد ظاہر کرتا ہے کہ سورج کی توانائی کا ذریعہ صرف کشش ثقل نہیں ہے۔ بیسویں صدی میں نیوکلیئر فزکس کی ترقی نے ثابت کیا کہ سورج کی توانائی کا اصل راز نیوکلیئر فیوژن ہے۔

سورج کے مرکز میں، انتہائی درجہ حرارت اور دباؤ کے باعث ہائیڈروجن کے ایٹم آپس میں مل کر ہیلیم بناتے ہیں، جس سے بڑی مقدار میں توانائی خارج ہوتی ہے۔ یہی عمل سورج اور دیگر ستاروں کی روشنی اور گرمی کا ذریعہ ہے۔

نیوکلیئر فیوژن کے اس عمل میں توانائی کا ایک حصہ روشنی اور حرارت کی صورت میں خارج ہوتا ہے، جبکہ باقی توانائی سورج کے اندرونی دباؤ کو مستحکم رکھنے میں مدد دیتی ہے۔ سورج کی سطح سے نکلنے والی روشنی کا ہر فوٹون ایک طویل سفر طے کرتا ہے، جو لاکھوں سالوں پر محیط ہوتا ہے، تب جا کر وہ زمین تک پہنچتا ہے۔

یوں علاالدین اور اس کے جن کی کہانی ہمیں نہ صرف کشش ثقل اور توانائی کے اصول سمجھاتی ہے بلکہ یہ بھی سکھاتی ہے کہ قدرت کے نظام کو سمجھنے کے لیے سائنسی تحقیق اور تجربات کتنے ضروری ہیں۔ سائنس ہمیں یہ بتاتی ہے کہ کائنات کے ہر عمل کے پیچھے ایک منطقی وجہ ہوتی ہے، جسے سمجھنے کے لیے علم اور تحقیق کا سفر کبھی ختم نہیں ہوتا۔

یہ کہانی ہمیں یہ بھی یاد دلاتی ہے کہ فطرت کے نظام میں توازن کی کتنی اہمیت ہے۔ ایک چھوٹا سا بگاڑ پوری زمین کو متاثر کر سکتا ہے۔ سورج نہ صرف روشنی اور گرمی کا ذریعہ ہے بلکہ زمین پر زندگی کے تسلسل کا ضامن بھی ہے۔ لہٰذا، سائنس اور فطرت کے اصولوں کو سمجھنا اور ان کا احترام کرنا ہماری بقا کے لیے ضروری ہے۔



from Qaumi Awaz https://ift.tt/XiED95C