جمعرات، 18 اگست، 2022

ایپل کا ’آئی فون 14‘ سات ستمبر کو متعارف کرانے کا اعلان

امریکہ کی بڑی ٹیکنالوجی فرم ایپل نے اپنا نیا ’آئی فون‘ (آئی فون 14) 7 ستمبر کو متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے۔ نئے آئی فونز مصروف موسم خزاں کا آغاز کریں گے جس میں متعدد نئے میکس، کم قیمت اور بیش قیمت آئی پیڈز اور ایپل واچز کے تین نئے ماڈل بھی شامل ہوں گے۔

ایپل ٹیکنالوجی کی صنعت کے لیے ایک غیر یقینی صورت حال میں اپنی فلیگ شپ مصنوعات کی جدید شکلیں متعارف کرارہی ہے۔ البتہ اس نے غیرمتزلزل معیشت میں اپنی معاصر کمپنیوں کے مقابلے میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیاہے۔ آئی فون گذشتہ سہ ماہی میں نمایاں فروخت ہوا ہے اور کمپنی نے سپلائرز کو اشارہ دیا ہے کہ اس کی طلب میں کمی کا کوئی امکان نہیں ہے۔

کمپنی اس تقریب کو آن لائن اسٹریم کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ بجائے اس کے کہ وہ لوگوں کا اجتماع منعقد کرے، وہ کورونا وائرس کی وبا کے آغاز میں اپنائی گئی حکمتِ عملی کو جاری رکھے گی۔ بلوم برگ نیوز نے خبر دی ہے کہ ایپل کے ملازمین نے گذشتہ چند ہفتہ کے دوران میں نئی مصنوعات کی پیش کاری کے پروگرام کی ریکارڈنگ شروع کر دی ہے۔

کمپنی نے جون میں اپنی گذشتہ تقریب منعقد کی تھی۔ اس میں اس نے سافٹ ویئر اپ ڈیٹس کے اگلے سیٹ آئی او ایس 16، آئی پی اے ڈی او ایس 16، واچ او ایس 9 اور میک او ایس وینٹورا کا اعلان کیا تھا اور پریس اور ڈویلپرز کو پیش کش کی ویڈیو دیکھنے کے لیے اپنے کیمپس میں مدعو کیا تھا۔

پیر کو کمپنی نے اپنے کارپوریٹ عملہ کو بتایا کہ انھیں مصنوعات کے طے شدہ اعلان سے دو دن قبل 5 ستمبرسے ہفتے میں تین دن ذاتی طور پر کام کرنا ہوگا۔

نیا معیاری آئی فون 14 آئی فون 13 کی طرح نظر آئے گا، اگرچہ کمپنی 5.4 انچ منی ورژن کو ختم کرے گی اور 6.7 انچ سکرین کے ساتھ ایک ماڈل شامل کرے گی۔ نیز ایپل پہلی مرتبہ اس سائز کے ڈسپلے کے ساتھ ایک غیر پرو آئی فون لانچ کرے گی۔

کمپنی آئی فون 14 پرو لائن کے لیے بڑی تبدیلیوں کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔ ایپل فرنٹ فیسنگ کیمرے کے کٹ آؤٹ کی جگہ لے گا۔ اسے نوچ کے نام سے جانا جاتا ہے، فیس آئی ڈی سینسرز کے لیے گولی کی شکل کا سوراخ اور کیمرے کے لیے ہول پنچ سائز کی جگہ ہوگی۔ اس سے صارفین کو قدرے بڑی سکرین ملے گی۔ کمپنی آئی فون 14 پرو میں تیز رفتار چپ بھی شامل کر رہی ہے۔ایپل آئی فون 14 کے ماڈلز میں آئی فون 13 والی اے 15 چپ برقرار رکھے گی۔

آئی فون 14 پرو میں سب سے اہم تبدیلیاں کیمرا سسٹم میں ہوں گی، جو صارفین کو قدرے بڑا نظر آئے گا۔ پرو ماڈلز کو 12 میگا پکسل الٹرا وائڈ اور ٹیلی فوٹو سینسرزکے ساتھ 48 میگا پکسل کا وائیڈ اینگل کیمرا ملے گا۔ ایپل ویڈیو ریکارڈنگ اور بیٹری کی میعاد میں بہتری کی منصوبہ بندی بھی کر رہی ہے۔

سیریز 8 کے نام سے مشہورتازہ ترین ایپل واچز کے لیے ایپل خواتین کی صحت کے لیے فیچرز اور باڈی درجہ حرارت سینسر شامل کرے گی۔نئی معیاری گھڑی سیریز7 کی طرح نظر آئے گی، لیکن ایک نیا پرو ماڈل بھی اس کے بعد متعارف کرائے گی۔ اس میں ایک بڑا ڈسپلے،نئی فٹنس ٹریکنگ فیچرز اور بیٹری زیادہ وقت نکالنے والی ہوگی۔کمپنی تیزرفتار چپ کے ساتھ اپنی کم قیمت اسمارٹ واچ ایپل واچ ایس ای کی نئی منصوبہ بندی بھی کر رہی ہے۔

اس کے علاوہ ستمبرمیں کمپنی بعض اور مصنوعات بھی متعارف کرارہی ہے ان میں : آئی او ایس 16, سافٹ ویئر ہے جو اگلے آئی فونز پر چلے گا, اور واچ او ایس 9, اگلا ایپل واچ آپریٹنگ سسٹم اور کمپنی آئی پیڈ او ایس، آئی پیڈ کے آپریٹنگ سسٹم کے ساتھ اکتوبر میں میک او ایس وینٹورا لانچ کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ مؤخرالذکرسافٹ ویئربعض فنی نقائص کی وجہ سے قریباً ایک ماہ تاخیرکا شکار ہوا ہے۔



from Qaumi Awaz https://ift.tt/3AlaU0N

ہفتہ، 13 اگست، 2022

آزادی کے 75 سال: نہرو کی سائنسی سوچ کا کمال، زمین سے آسمان تک ترقی... عمران خان

ہندوستان جب 15 اگست 1947 کو آزاد ہوا تو ہمیں بے شمار دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا۔ بھوک کا مسئلہ تھا، طبی سہولیات میسر نہیں تھیں، سڑکیں نہیں تھیں، نقل و حرکت کے وسائل نہیں تھےاور جدید سائنس اور ٹیکنالوجی کی تعلیم و تربیت کے لئے ادارے بھی موجود نہیں تھے ۔سینکڑوں برسوں غیروں کی غلامی کی زنجیروں میں جکڑے ہندوستان کی باگڈور جب پہلے وزیر اعظم جواہر لال نہرو نے سنبھالی تو انہوں نے ایک ایسے جدید ہندوستان کا خواب دیکھا جس میں شہریوں کو تمام سہولیات میسر ہوں اور ملک ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑا ہو۔ جواہر لال نہرو نے صرف خواب ہی نہیں دیکھا بلکہ اسے شرمندہ تعبیر کرنے کے لئے کام بھی کیا اور آج جب ہم 75واں آزادی منا رہے ہیں تو ہمیں محسوس ہوتا ہے کہ ہم نے اس سفر کا بہت بڑا حصہ عبور کر لیا ہے اور دنیا میں آج ہندوستان کو عزت کی نظروں سے دیکھا جاتا ہے۔

اہم اداروں کا قیام

جواہر لال نہرو نے ہندوستان میں سائنس اور ٹکنالوجی کی بنیاد رکھی اور سائنسی سوچ کو فروغ دیا ۔ ان کی سرپرستی میں ہندوستان کے دفاعی شعبہ میں 3 بنیادی اکائیاں قائم کی گئیں ، دفاعی تحقیق کے لیے ڈیفنس ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن(ڈی آر ڈی او) ، جوہری توانائی کی ترقی کے لیے ایٹامک انرجی کمیشن اور خلائی تحقیقی کے لئے انڈین سپیس ریسرچ آرگینائیزیشن (اسرو) قائم کیا گیا۔پنڈت نہرو کا خیال تھا کہ غربت ، چھواچھوت، مذہبی توہم پرستی اور پسماندگی جیسے مسائل کا حل سائنس میں ہی پوشیدہ ہے کیونکہ مستقبل سائنس کا ہی ہے۔ اس لیے وہ سائنس کی ترقی کے لیے پرعزم تھے اور آزادی حاصل کرنے کے بعد نئی قوم کی تعمیر میں سائنس کے کردار کو سب سے اوپر رکھا۔

ہندوستان میں 1948 سے 1964 کے دوران آئی ٹی آئی، پلانگ کمیشن، آئی آئی ٹی، ایمس، سیل، او این جی سی، ڈی آر ڈی او، آئی آئی ایم، اسرو اور بھیل جیسے کئی ادارے قائم کئے گئے، جو ہندوستان میں سائنس کی ترقی کے معاون بنے۔ اس کے علاوہ انہوں نے کئی بڑے باندھ، کارخانہ، فیکٹریاں اور صنعتیں قائم کیں جنہوں نے آزاد ہند کو جدیدیت کے راستہ پر چلایا۔ اس کے بعد ملک نے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میں مثالی ترقی کی اور کئی شعبوں میں آج ملک ترقی یافتہ ممالک کی فہرست میں شامل ہے۔ یومِ آزادی کے موقع پر ہندوستان کی سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کی ترقی پر ایک نظر ڈالتے ہیں۔

زرعی شعبہ کا سبز انقلاب

آزادی کے بعد ہندوستان میں اناج اور دیگر زرعی مصنوعات کی بھاری قلت تھی۔ سینچائی کے ذرائع کی کمی تھی ، کیمیائی کھاد کا فقدان تھا اور ان بنیادی سہولیات کی عدم موجودگی کی وجہ سے ملک میں گیہوں کی پیداوار انتہائی کم ہوتی تھی۔ اس مسئلہ سے نمٹنے کے لئے 1960 میں غیر ممالک سے ہائبرڈ بیج درآمد کئے گئے، مگر نئی قسم کے بیجوں کی پیداوار کے لئے سینچائی کے لئے زیادہ پانی، کیمیائی کھاد اور کرم کش کی ضرورت تھی لہذا حکومت نے سینچائی کے لئے نظام تیار کیا اور کھاد وغیرہ پر سبسڈی فراہم کی۔ اس کے نتیجہ میں سبز انقلاب کا ظہور ہوااور دیکھتے ہی دیکھتے ہندوستان کے گودام اناج سے بھر گئے اور ملک کے لوگوں کی فاقہ کشی دور ہوئی۔

صحت کے شعبہ میں انقلاب

آزادی کے وقت طاعون، چیچک، ملیریا، ہیضہ جیسی بیماریاں وبائی شکل اختیار کر کے ہزاروں جانیں لے لیتی تھیں۔حکومت ہند نے وباؤں سے مقابلہ کے لئے وسائل فراہم کئے اور طاعون کو 1950 تک پوری طرح ختم کر دیا گیا۔ اس کے علاوہ جذام، ڈپتھیریا، میعادی بخار، کالی کھانسی، نمونیا اور ریبیز جیسی بیماریوں کو دور کرنے کے لئے عوامی نظام صحت کو مضبوط کیا گیا اور ٹیکہ کاری مہم چلا کر عوام میں قوت مدافعت پیدا کی ۔ طبی ماہرین کی کمی کے پیش نظر نئے میڈیکل کالج قائم کئے گئے۔ 1946 میں ملک میں 15 میڈیکل کالج تھے وہیں 1965 میں ان کی تعداد بڑھ کر 81 ہو گئی۔ اس کے بعد نطام صحت میں جو بہتری آئی اسے اس امر سے سمجھا جا سکتا ہے کہ 1947 میں لوگوں کی اوسط عمر صرف 32 سال تھی ، جبکہ 60 کی دہائی تک بڑھ کر 42 سال اور آج یہ بڑھ کر 70 سال ہو چکی ہے۔

ہندوستان میں 1956 میں ایمس (آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز ) کا قیام کیا گیا، جوکہ وزارت صحت کے دائرہ اختیار میں آتا ہے۔یہ ایک ایسا ادارہ ہے جو ہندوستان ہی نہیں بلکہ ایشیا میں میڈیکل ریسرچ کا مرکز مانا جاتا ہے۔

خلائی شعبہ کی ترقی، چاند اور مریخ تک رسائی

ہندوستان نے اپنا سب سے پہلا سیٹیلائٹ یعنی مصنوئی سیارہ ’آریہ بھٹ‘ 1975 میں خلا میں روانہ کیا ۔ جسے ہندوستان کی خلائی تحقیق تنظیم ’اسرو‘ نے سویت یونین (روس) کی مدد سے تیار کیا تھا۔ اس کا مقصد ایکس رے فلکیات، ایرونومکس اور سولر فزکس میں تجربہ کرنا تھا۔ اس پہلے مشن کے کامیاب ہونے کے بعد ہندوستان نے خلائی شعبہ میں کبھی پیچھے مڑکر نہیں دیکھا۔ اسرو کی ترقی کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ آج ہندوستان ان چند ممالک میں شامل ہے جنہوں نے اپنے مشن چاند اور مریخ پر بھیجے ہیں اور جو اپنے نہیں بلکہ غیر ملکی سیٹیلائٹ بھی خلا میں روانہ کر رہا ہے۔ ہندوستان نے ’چندریان ‘ کے نام سے چاند پر مشن بھیجا تھا۔ چندریان سے سب سے پہلے چاند پر منجمد شکل میں پانی کی موجودگی کا پتہ دیا تھا۔ ہندوستان اب چاند پر چندریان 2 کی تیاری کر رہا ہے۔ اسی کے ساتھ ہندوستان انسان کو بھی خلا میں بھیجنے کی تیاری کر رہا ہے۔

ٹیلی ویزن اور کمپیوٹر کا انقلاب

ہندوستان میں ٹی وی براڈکاسٹ کی شروعات 1959 میں ہوئی اور 1982 میں رنگین ٹیلی کاسٹ کی شروعات ہوئی۔ اس کے بعد 1980 کے عشرے کو دوردرشن کا دور کہا جاتا ہے۔ سال 1992 میں نجی ٹی وی چینلوں کی شروعات ہوئی اور پھر نیوز چینلوں کا بھی دور شروع ہو گیا۔ہندوستان میں آج 900 کے قریب نجی ٹی وی چینل ہیں، جبکہ نیوز چینلوں کی تعداد 392 ہے۔

کمپیوٹر کی بات کریں تو ہندوستان میں سب سے پہلے کمپیوٹر 1952 میں کولکاتا میں لایا گیا تھا، اسے انڈین انسٹی ٹیو آف سائنس میں لگایا گیا تھا۔ مگر کمپیوٹر کے دور کی حقیقی شروعات 1956 میں ہوئی جب پہلا ڈیجیٹل کمپیوٹر لگایا گیا۔ اس وقت ہندوستان جاپان کے بعد ایشیا کا دوسرا ایسا ملک تھا جہاں کمپیوٹر ٹیکنالوجی کا استعمال ہو رہا تھا ۔ اتنا ہی نہیں ہندوستان نے پرم کے نام سے سے اپنا دیسی ساختہ سُپر کمپیوٹر بھی 90 کے عشرے میں تیار کر لیا۔ دراصل 1987 میں امریکی صدر رونالڈ ریگن اور وزیر اعظم راجیو گاندھی میں ہندوستان کو سپر کمپیوٹر فراہم کرنے کا معاہدہ کیا گیا تھا لیکن بعد میں انہوں نے اس سے انکار کر دیا۔ اس کے بعد راجیو گاندھی کی ہدایت پر 1988 میں سینٹر فار ڈیولپمنٹ آف ایڈوانس کمپیوٹنگ (سی-ڈیک) کا قیام کیا گیااور اگلے تین سالوں میں ملک کا پہلا سپر کمپیوٹر ’پرم 8000‘ تیار ہوا۔

آج ہندوستان میں براڈ بینڈ کے ذریعے ہائی اسپیڈ انٹرنیٹ کی فراہمی کی جا رہی ہے۔ اسکولوں، اسپتالوں، کمپنیوں یہاں تک کہ دکانوں تک میں کمپیوٹر کا استعمال ہو رہا ہے۔ کمپیوٹر اور لیپ ٹاپ کا یہاں ایک بڑا بازار موجود ہے اور ملک کے سافٹ ویئر ڈیولپرز دنیا میں نام کما رہے ہیں۔

موبائل فون کی ترقی

ہندوستان میں پہلی موبائل کال 1995 میں کی گئی تھی اور جس فون پر کال کی گئی تھی وہ نوکیا کمپنی کا تھا۔ آج ہندوستان میں تقریباً ہر ہاتھ میں ایک موبائل ہے اور یہ لوگوں کی زندگی کا حصہ بن چکا ہے۔ ہندوستان موبائل کی ایک بہت بڑی منڈی بھی ہے لہذا سال 2018 میں سیم سنگ ہندوتان میں موبائل تیار کرنے کی سب سے بڑی فیکٹری قائم کی ہے جوکہ نوئیڈا میں موجود ہے۔ اس فیکٹری میں ہر سال 12 کروڑ موبائل تیار ہوتے ہیں۔ ہندوستان میں موبائل انٹرنیٹ کی 4 جی خدمات دستیاب ہیں اور جلد ہی 5جی کی بھی شروعات ہو جائے گی۔

ہندوستان نے ان 74 سالوں میں مثالی ترقی کی ہے تاہم ابھی بہت کام کئے جانے کی ضرورت ہے۔ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کی اتنی ترقی کے باوجود ملک میں فرقہ پرستی اور توہم پرستی کا مسئلہ آج بھی برقرار نظر آتا ہے۔ اس کے علاوہ عدم مساوات میں اضافہ ہو رہا ہے، امیر اور امیر ہو رہے ہیں ، غریب اور غریب ہوتے جا رہے ہیں۔کچھ علاقوں میں غذائی قلت اور بنیادی سہولیات کی محرومی آج بھی نظر آتی ہے ۔بہتر سیاست اور دوراندیش پالیسیوں سے ہی ان مسائل کو حل کیا جا سکتا ہے اور اگر یہ سب ہوا تو ہندوستان نہ صرف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے شعبہ میں مزید بلندیوں پر پرواز کر ےگا بلکہ ملک کے پسماندہ اور محروم طبقوں کو بھی پستی سے باہر نکال سکتا ہے۔ اس میں کوئی دور ائے نہیں کہ ہم نے ماضی کے چیلنجوں کو بہت خوبصورتی سے حل کیا ہے لیکن ضرورت اس بات کی ہے کہ ہمیں اس ترقی کو مزید آگے لے کر جانا ہے۔



from Qaumi Awaz https://ift.tt/MlECghy

پیر، 8 اگست، 2022

نوعمروں کو ٹیکہ کاری سے کم خطرہ، ہندوستانی ماہر کے زیر قیادت مطالعہ میں انکشاف

سڈنی: کیرالہ میڈیکل کالج کے ایک سابق طالب علم اور بچوں کے امراض قلب کے ماہر نے کورونا سے متعلق ایک تحقیق انجام دی ہے، جس میں نوعمروں میں ویکسین سے وابستہ مایوکارڈائٹس کے خطرے کا انکشاف ہوتا ہے۔ آسٹریلیا کی موناش یونیورسٹی کے محققین نے نوعمروں میں ویکسین سے وابستہ مایوکارڈائٹس کے خطرے پر اپنی تحقیق کی بنیاد پر کہا ہے کہ یہ خطرہ ہلکا اور کووڈ 19 کے طویل مدتی خطرے سے زیادہ ہے۔

یہ تحقیق پیر کے روز آسٹریلیا کے میڈیکل جرنل میں شائع ہوئی، جس میں 12 سے 18 سال کی عمر کے 33 نوجوانوں کی میڈیکل ہسٹری کا مطالعہ کیا گیا جو کووڈ 19 سے حاصل شدہ مایوکارڈائٹس کی خصوصی علامات کے ساتھ موناش چلڈرن اسپتال نے پیش کی تھی۔

موناش ہارٹ اور موناش چلڈرن اسپتال کے ماہر امراض اطفال ڈاکٹر سورج ورما کی سربراہی میں کیا گیا۔ بچوں کے ایک اسپتال میں کیا گیا یہ اب تک کا سب سے بڑا ۔ ڈاکٹر ورما کا تعلق کوزی کوڈ کے گورنمنٹ میڈیکل کالج سے ہے۔ ڈاکٹر ورما اور ان کی ٹیم نے کہا کہ مریض اوسطاً دو دن میں ٹھیک ہو جاتا ہے۔

خیال رہے کہ مایوکارڈٹس ایک وائرل انفیکشن ہے جو دل کے پٹھوں میں سوزش کا باعث بنتا ہے اور یہ ایم آر این اے ویکسین کا ایک نادر ضمنی اثر ہے۔



from Qaumi Awaz https://ift.tt/rVF15sE

اتوار، 7 اگست، 2022

اسرو کا سب سے چھوٹا راکٹ ’ایس ایس ایل وی‘ لانچ، آخری مراحل میں رابطہ منقطع

نئی دہلی: انڈین اسپیس ریسرچ آرگنائزیشن (اسرو) نے آج یعنی 7 اگست 2022 کو ملک کا نیا راکٹ اسمال سیٹلائٹ لانچ وہیکل (ایس ایس ایل وی) لانچ کر دیا۔ اسے آندھرا پردیش کے سری ہری کوٹا میں ستیش دھون خلائی مرکز سے لانچ کیا گیا، تاہم راکٹ کو ہدف تک پہنچنے میں رکاوٹ کا سامنا ہے اور اس کا سیٹلائٹ سے ڈیٹا حاصل ہونا بند ہو گیا ہے۔ اسرو نے کہا ہے کہ وہ سیٹلائٹ ڈیٹا کا تجزیہ کر رہی ہے۔

اسرو نے ٹوئٹ کیا کہ وہ آج صبح سری ہری کوٹا کے خلائی مرکز سے اپنے سب سے چھوٹے راکٹ ایس ایس ایل وی - ڈیک1 کے لانچ کے حوالہ سے "ڈیٹا کا تجزیہ" کر رہی ہے، جس نے زمین کا مشاہدہ کرنے والا سیٹلائٹ اور ایک اسٹوڈنٹ سیٹلائٹ لے کر گیا تھا۔ اسرو کے چیئرمین ایس سومناتھ نے کہا، "ایس ایس ایل وی - ڈی1 نے تمام مراحل پر توقع کے مطابق کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ مشن کے ٹرمینل مرحلے میں، ڈیٹا کا کچھ نقصان ہو رہا ہے۔ ہم ایک مستحکم مدار کو حاصل کرنے کے سلسلے میں مشن کے حتمی نتائج تک پہنچنے کے لیے ڈیٹا کا تجزیہ کر رہے ہیں۔‘‘

ایس ایس ایل وی 34 میٹر لمبا ہے جو پی ایس ایل وی سے تقریباً 10 میٹر کم ہے اور پی ایس ایل وی کے 2.8 میٹر کے مقابلے اس کا قطر دو میٹر ہے۔ پی ایس ایل وی کا وزن 320 ٹن ہے، جبکہ ایس ایس ایل وی کا وزن 120 ٹن ہے۔ پی ایس ایل وی 1800 کلوگرام وزنی پے لوڈ کو لے سکتا ہے۔ ملک کی پہلی سیٹلائٹ لانچ وہیکل 3، جسے 1980 میں لانچ کیا گیا تھا، 40 کلوگرام تک کا پے لوڈ لے جا سکتا تھا۔



from Qaumi Awaz https://ift.tt/vLqTwBF

ہفتہ، 6 اگست، 2022

ایلون مسک نے ٹویٹر پر عائد کئے دھوکہ دہی کے الزامات، عدالت میں داخل کیا جواب

سان فرانسسکو: ٹیسلا کے سی ای او ایلون مسک نے ٹویٹر پر دھوکہ دہی کے الزامات عائد کئے ہیں۔ مائیکرو بلاگنگ کمپنی ٹویٹر اور مسک کے درمیان معاہدے پر قانونی تنازعہ کے درمیان ٹیسلا کے سی ای او نے الزامات عائد کئے کہ ٹویٹر نے اپنے کاروبار کے بارے میں انہیں اس وقت گمراہ کن معلومات دی جب انہوں نے 44 بلین ڈالر کے معاہدے پر دستخط کیے تھے۔ ٹیسلا کے سی ای او نے یہ دعویٰ ٹویٹر کی جانب سے ڈیل کو منسوخ کرنے کے بجائے مکمل کرنے پر دائر کیے گئے مقدمے کے جواب میں دائر کیا۔

عدالت میں داخل کیے گئے اپنے جواب میں ایلون مسک نے مؤقف اختیار کیا کہ ٹوئٹر پر اصل صارفین کے حوالے سے انہیں جو اعداد شمار دیے گئے، اصل صارفین کی تعداد اس سے کافی کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب اپنی دھوکہ دہی کا پردہ فاش ہونے کے خوف میں ٹوئٹر ان پر درست معلومات تک رسائی کے راستے بند کر رہی ہے۔

خیال رہے کہ ایلون مسک سے قبل ٹوئٹر نے عدالت میں پیش کیا گیا اپنا موقف عوام کے سامنے رکھ دیا تھا جس کے جواب میں ایلون مسک کی جانب سے بھی عدالت میں داخل کیا گیا اپنا جواب عوام کے سامنے پیش کیا گیا ہے۔

ٹوئٹر نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ ایلون مسک 44 ارب ڈالر کے معاہدے سے بچنے کے لیے فرضی جواز بنا رہے ہیں، ایلون مسک کی کہانی تصوراتی اور معاہدے سے بچنے کی کوشش ہے کیونکہ حصص میں کمی کے باعث وہ اس معاہدے کو پرکشش تصور نہیں کرتے جبکہ خود ان کی اپنی ذاتی دولت میں کمی آئی ہے۔



from Qaumi Awaz https://ift.tt/6s1OHqC

بدھ، 3 اگست، 2022

ای وی ایکسپو 2022 دہلی میں 5 اگست سے شروع، متعدد نئی الیکٹرک گاڑیاں لانچ کی جائیں گی

نئی دہلی: ہندوستان کا مشہور ماحول دوست الیکٹرک وہیکل ٹیکنالوجی میلہ 'ای وی ایکسپو' نئی دہلی میں اپنے 15 ویں ایڈیشن کے ساتھ شروع ہونے جا رہا ہے۔ اس میلہ کا انعقاد 5 تا 7 اگست 2022، پرگتی میدان کے ہال نمبر 11 میں کیا جا رہا ہے۔ ایکسپو کا افتتاح مائیکرو، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کے وزیر مملکت بھانو پرتاپ سنگھ ورما کریں گے۔

ایکسپو سے ایک دن پہلے، 4 اگست 2022 کو صبح 10 بجے سے کانفرنس روم، ہال نمبر 7، پرگتی میدان میں 'انڈیا کا ای وی سیکٹر - روڈ میپ فار گلوبل لیڈرشپ' کے موضوع پر ایک روزہ کانفرنس کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ اس کانفرنس سےجنرل (ڈاکٹر) وی کے سنگھ، عزت مآب وزیر مملکت برائے روڈ ٹرانسپورٹ اور ہائی ویز، جناب کرشن پال گرجر، عزت مآب وزیر مملکت برائے بھاری صنعت اور جناب پرمیشورن ائیر، سی ای او نیتی آیوگ خطاب کریں گے۔

ای وی ایکسپو 2022 ہندوستان میں 15ویں ماحول دوست الیکٹرک وہیکل ایکسپو ہے اور اس کا اہتمام مارکیٹ کی جامع بصیرت، بہترین کاروباری مواقع اور نیٹ ورکنگ کے لیے ایک پلیٹ فارم فراہم کرنے کے لیے کیا جائے گا۔ ای وی ایکسپو 2022 الیکٹرک گاڑیوں کی صنعت کے لیے مسافروں اور سامان کی آسان اور ماحول دوست نقل و حمل کے لیے الیکٹرک گاڑیوں، پرزوں اور خدمات میں جدید ترین چیزوں کو دکھانے، دیکھنے اور سمجھنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔

ایکسپو اس بات کو یقینی بناتا ہے کہ قومی اور بین الاقوامی نمائش کنندگان اپنی جدید ترین ٹیکنالوجی، خدمات اور مصنوعات کو صحیح سامعین کے سامنے پیش کرنے کے قابل ہوں۔ ای وی ایکسپو 2022 کے آرگنائزر مسٹر راجیو اروڑہ نے کہا، "ہمارے چاروں طرف بہت زیادہ جوش اور تجسس ہے۔ ای وی اسپیس میں تیزی سے پیش رفت ہو رہی ہے - پائیدار، ماحول دوست نقل و حرکت کا مستقبل۔ دن بہ دن، ہم مرکزی اور مختلف ریاستی حکومتوں کی طرف سے نئے اقدامات، پالیسیوں اور بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں یا نقاب کشائی کے بارے میں سنتے ہیں جو الیکٹرک گاڑیوں کو اپنانے کو آسان بنا رہے ہیں۔

اس ای وی ایکسپو کے پہلے ایڈیشن سے، جسے ہم دہلی کے ساتھ ساتھ دوسرے شہروں میں بھی منعقد کر رہے ہیں، ہم نے دیکھا ہے کہ پروڈکٹ پروفائل کیسے بدلی ہے۔ اس ایکسپو میں ذاتی استعمال کے لیے 2، 3 اور 4 وہیلرز کا ڈسپلے اس ٹیکنالوجی کی مقبولیت کا مظہر ہے جو پہلے زیادہ تر ای رکشوں سے تھا۔ اس بار بھی، ہمیں ملک بھر کے نمائش کنندگان کی جانب سے پرجوش شرکت ملی ہے اور ایکسپو میں چارجنگ سلوشنز اور لوازمات کے ساتھ ساتھ بہت سی نئی الیکٹرک گاڑیوں کا دلچسپ آغاز دیکھنے کو ملے گا۔ ہمیں توقع ہے کہ 3 دنوں میں 15,000 سے زیادہ کاروباری زائرین ایکسپو کا دورہ کریں گے۔ ایکسپو میں جدید ترین اسمارٹ ای وہیکلز، چارجنگ سلوشنز اور بیٹریوں کی نقاب کشائی کی جائے گی۔



from Qaumi Awaz https://ift.tt/trkFiID

منگل، 2 اگست، 2022

ناسا سورج کو ایک بڑے ٹیلی اسکوپ میں بدلنے کی کر رہا تیاری!

ایلین کا پتہ لگانے کے لیے سورج کو ایک بڑے ٹیلی اسکوپ میں بدلنے کی تیاری ہو رہی ہے۔ امریکی خلائی ایجنسی ناسا اپنے ایک مشن کے تحت اس منصوبہ پر کام کرے گی۔ وہ اس کے ذریعہ کائنات یا گیلکسی اور ایلین سیاروں پر نظر رکھے گی۔ ناسا نے اس مشن کو سولر گریویٹیشن لینس پروجیکٹ نام دیا ہے۔ سائنسدانوں کا ماننا ہے کہ ایلین سیاروں کو سیدھے دیکھنا ایک بے حد مشکل کام ہے۔ زمین سے 100 نوری سال دور موجود کسی ایلین نسل کو دیکھنے کے لیے 90 کلومیٹر قطر کے پرائمری لینس والے ٹیلی اسکوپ کی ضرورت پڑے گی، لیکن اتنا بڑا لینس بنانا ممکن نہیں ہے۔ اس لیے ہم ایسا پروجیکٹ لائے ہیں جس سے ایلین دنیا کی سطحوں کا نقشہ بنا سکتے ہیں۔

دراصل خلاء میں موجود ہر چیز اپنے وقت کے مطابق ہوتی ہے۔ سورج کی روشنی کشش ثقل کی وجہ سے مڑتی بھی ہے۔ اس کے لیے ہم سورج سے نکلنے والی روشنی کو ہی بڑے لینس میں بدل دیں گے۔ وہ کشش ثقل کی وجہ سے ایک لینس بناتی ہے۔ اس کشش ثقل والے لینس کے ذریعہ ہم اس سیارہ کے پیچھے دور خلاء تک جھانک سکتے ہیں۔ ہمارے نظام شمسی میں سورج سے بڑی کوئی شئے نہیں ہے جس سے کہ وہاں کے قریب کی چیزوں کو دیکھا جا سکے۔

اتنا ہی نہیں، اگر سیاروں کی سطح پر کوئی شہر موجود ہے تو ہمیں نظر آئے گا۔ سورج کو ٹیلی اسکوپ بنانے کے لیے جس تکنیک کو خلاء میں نصب کرنے کی بات ہو رہی ہے، اسے 650 ایسٹرونومیکل یونٹ پر رکھنا ہوگا۔ ایجنسی کا ماننا ہے کہ ایک چھوٹا ٹیلی اسکوپ بنا کر اس دوری کو طے کرنے کے لیے بھیجا جائے، تب بھی اسے وہاں تک پہنچنے میں پچیس سال لگ جائیں گے۔ اس کام میں مدد کے لیے شمسی ہواؤں کی مدد لی جائے گی۔ اس سے یہ طیارہ سورج کے بے حد نزدیک پہنچ جائے گا۔

ناسا کے جیٹ پروپلشن لیبوریٹری کی سائنسداں ڈاکٹر سلاوا توریشیو نے کہا کہ یہ دیرینہ پروجیکٹ ناممکن لگتا ہے، لیکن ہے نہیں۔ اس میں کامیابی حاصل کی جا سکتی ہے اور ہمارا مقصد ہے کہ ہم اسے 2034 تک پورا کر لیں گے۔ اس کے بعد دوسری دنیا کے سیاروں، وہاں رہنے والے جانداروں، نسلوں وغیرہ کے بارے میں جانکاری جمع کریں گے۔ دراصل یہ جاننا ضروری ہے کہ کائنات میں ایسے مزید کون سے سیارے ہیں جہاں پر انسانوں جیسی یا اس سے بہتر تہذیب موجود ہے۔ کیا وہ مستقبل میں ہماری مدد کریں گے، یا ہم پر حملہ کریں گے۔ زمین کو بچانے اور سنوارنے کے لیے ان کے بارے میں جاننا بے حد ضروری ہے۔



from Qaumi Awaz https://ift.tt/InByuxK