جمعرات، 11 اپریل، 2024

پیگاسس جیسے اسپائی ویئر کے ذریعے صحافیوں، سیاست دانوں اور سفارت کاروں کے موبائل فون پر حملہ، ایپل نے خبردار کیا

واشنگٹن: آئی فون بنانے والی کمپنی ایپل نے اپنے صارفین کو پیگاسس جیسے جدید ترین اسپائی ویئر حملوں سے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی جانب سے محدود تعداد میں لوگوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ اسپائی ویئر حملوں کی زد میں آنے والے افراد میں صحافی، کارکن، سیاست دان اور سفارت کار شامل ہیں۔

تاہم، ایپل نے ان حملوں کے حوالے سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا کہ زیادہ لاگت کی وجہ سے اسپائی ویئر اکثر محدود تعداد میں ہی استعمال کیا جاتا ہے لیکن کرائے کے اسپائی ویئر کا استعمال کرتے ہوئے حملے جاری ہیں اور عالمی سطح پر کیے جا رہے ہیں۔

ایپل نے اپنے جاری کردہ خطرے کے نوٹیفکیشن میں پچھلی تحقیق اور رپورٹس کی بنیاد پر اشارہ کیا کہ اس طرح کے حملے تاریخی طور پر حکومت سے منسلک جماعتوں کی جانب سے کئے جاتے ہیں۔ یہ نوٹیفکیشن ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب اس سال ہندوستان سمیت تقریباً 60 ممالک میں انتخابات ہونے جا رہے ہیں۔

معروف فون بنانے والی کمپنی نے کہا، ’’خطرے کے انتباہات ان صارفین کو مطلع کرنے اور ان کی مدد کرنے کے لئے بنائے گئے ہیں جو ذاتی طور پر کرائے کے اسپائی ویئر کے حملوں کا نشانہ بن سکتے ہیں۔ اس طرح کے حملے باقاعدہ سائبر کرائم کی سرگرمیوں اور صارفین کے میلویئر سے کہیں زیادہ پیچیدہ ہوتے ہیں کیونکہ کرایہ پر لیے گئے اسپائی ویئر حملہ آور مخصوص افراد اور ان کے فون کی ایک چھوٹی تعداد کو نشانہ بنانے کے لیے غیر معمولی وسائل استعمال کرتے ہیں۔‘‘

ایپل نے کہا کہ کرائے کے اسپائی ویئر حملوں کی لاگت لاکھوں ڈالر ہے۔ اس کے علاوہ حملوں کی مدت کم ہونے کی وجہ سے ان کا پتہ لگانا اور روکنا بہت مشکل ہو جاتا ہے۔ مزید یہ کہ اس طرح کے حملے زیادہ تر صارفین پر نہیں کیے جاتے۔

کمپنی نے کہا، ’’ایپل اس طرح کے حملوں کا پتہ لگانے کے لیے مکمل طور پر اندرونی خطرے کی انٹیلی جنس اور تحقیقات پر انحصار کرتا ہے۔ اگرچہ ہماری تحقیقات کبھی بھی مکمل طور پر قطعی نہیں ہو سکتی ہیں لیکن یہ خطرے کے انتباہات انتہائی قابل اعتماد ہیں۔ اس کو بہت سنجیدگی سے لیا جانا چاہیے۔‘‘

پچھلے سال ایک سروے میں انکشاف ہوا کہ دنیا بھر میں تقریباً 49 فیصد تنظیمیں ملازمین کے آلات پر حملوں یا حفاظتی خلاف ورزیوں کا پتہ لگانے سے قاصر ہیں۔ سائبر سیکورٹی فرم چیک پوائنٹ کی ایک رپورٹ کے مطابق گزشتہ چھ ماہ میں ہندوستان میں موبائل میلویئر سے متاثر ہونے والی تنظیموں کی ہفتہ وار اوسط 4.3 فیصد تھی، جب کہ ایشیا پیسفک خطے میں اوسط 2.6 فیصد تھی۔



from Qaumi Awaz https://ift.tt/C5xe1Ju

ہفتہ، 6 اپریل، 2024

Urdu stories for kids 2 | Chonti aur tidda | An Ant and A Grasshopper

چینی ہیکر مصنوعی ذہانت پر مبنی مواد کے ذریعے ہندوستان کے عام انتخابات کو متاثر کریں گے: مائیکروسافٹ

نئی دہلی: رواں برس دنیا کے کئی اہم ممالک میں انتخابات ہو رہے ہیں، جن میں ہندوستان، جنوبی کوریا اور امریکہ شامل ہیں۔ مائیکروسافٹ نے انتباہ دیا ہے کہ چین کے ہیکر اے آئی (مصنوعی ذہانت) کا استعمال کر کے ان انتخابات کو متاثر کرنے کی کوشش کریں گے۔

مائیکروسافٹ کے مطابق چینی ہیکر میم، ویڈیو اور آڈیو کے ذریعے انتخابات کو متاثر کرنے کی کوشش کریں گے۔ ٹیک کمپنی کے مطابق چین ووٹروں کو منقسم کرنے کے لیے فرضی سوشل میڈیا کھاتوں کا استعمال کر رہا ہے۔ کمپنی نے پوسٹ میں کہا، ’’چین نے دنیا بھر میں اپنے اہداف کو نشانہ بنانے کے لیے اے آئی پر مبنی مواد کے استعمال میں اضافہ کیا ہے۔‘‘

مائیکروسافٹ کے مطابق اے آئی ٹولز ہیکرز کے لیے ہتھیاروں کی طرح خطرناک ثابت ہو رہے ہیں، کیونکہ وہ انہیں اپنی مرضی کے مطابق استعمال کر رہے ہیں۔ اب ان اے آئی ٹولز کے ذریعے ڈیپ فیک اور ایڈیٹ ویڈیوز بنانا آسان ہے۔ ہیکرز جعلی اکاؤنٹس کو آسانی سے چلا سکتے ہیں اور یہاں تک کہ مشہور رہنماؤں کی آوازوں کو بھی کلون کیا جا سکتا ہے، پھر اسے بڑے پیمانے پر عوامی سطح پر شیئر کیا جا سکتا ہے، جس کے بعد یہ وائرل ہو کر لاکھوں لوگوں تک پہنچ سکتا ہے۔

چینی کمیونسٹ پارٹی (سی سی پی) سے وابستہ لوگوں کے گمراہ کن سوشل میڈیا کھاتوں نے امریکی ووٹروں کو تقسیم کرنے والے اہم مسائل پر متنازعہ سوالات اٹھانا شروع کر دئے ہیں۔ رواں سال تائیوان کے صدارتی انتخابات میں بھی چین سے وابستہ سائبر ہیکروں نے اے آئی پر مبنی مواد کا استعمال کیا تھا۔



from Qaumi Awaz https://ift.tt/CEarmsR

جمعرات، 4 اپریل، 2024

ایپل نے اپنے 600 سے زیادہ ملازمین کو فارغ کر دیا، کئی پروجیکٹ بند کرنے کا فیصلہ

سال 2024 میں دنیا بھر میں بڑے پیمانے پر برطرفیوں کا سلسلہ لگاتار جاری ہے۔ رواں برس جن کمپنیوں نے اجتماعی طور پر اپنے ملازمین کو فارغ کیا ہے ان میں اب آئی فون تیار کرنے والی مشہور کمپنی ایپل بھی شامل ہو گئی ہے۔ ایپل نے حال ہی میں اپنے 600 سے زیادہ ملازمین کو فارغ کیا ہے۔

بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق، تازہ ایپل نے تازہ برطرفیوں کی تصدیق کی ہے۔ کمپنی نے کیلیفورنیا ایمپلائمنٹ ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے پاس فائلنگ میں اس کی اطلاع دی ہے۔ فائلنگ کے حوالہ سے بلومبرگ کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایپل نے کیلیفورنیا میں 600 سے زیادہ ملازمین کو برطرف کیا ہے۔ کمپنی نے برطرفیوں کا یہ فیصلہ کار اور اسمارٹ واچ ڈسپلے پروجیکٹ کے بند ہونے کی وجہ سے لیا ہے۔

برطرفیوں کی یہ خبر اس وجہ سے سنگین ہے کہ ایپل کا شمار صرف ٹیک انڈسٹری میں ہی نہیں بلکہ دنیا کی بڑی کمپنیوں میں ہوتا ہے۔ ایپل کا شیئر امریکی بازار میں 0.49 فیصد کی تنزلی کے ساتھ 168.82 ڈالر پر ہے۔ کمپنی کا ایم کیپ 2.61 ٹریلین ڈالر ہے اور اس لحاظ سے یہ کمپنی صرف مائیکروسافٹ سے ہی پیچھے ہے اور دوسری سب سے بڑی لسٹڈ کمپنی ہے۔

ایپل کا صدر دفتر کیلیفورنیا کے کوپرٹینو میں واقع ہے۔ مقامی قانون کے مطابق کمپنیوں کو برطرفیوں کا ملازمین کو فارغ کرنے کے بارے میں اطلاع دینی ہوتی ہے۔ ایپل نے ورکر ایڈجسٹمنٹ اینڈ ڑیتینگ نوٹیفکیشن (وارن پروگرام) پر عمل کرتے ہوئے آٹھ الگ الگ فائلنگ میں ملازمین کی برطرفیوں کی اطلاع دی۔

کمپنی کی فائلنگ کے مطابق، برطرفی کا شکار ہوئے لوگوں میں کم سے کم 87 ملازمین ایپل کی سیکریٹ فیسلٹی میں کام کر رہے تھے، جہاں نیکسٹ جنریشن اسکرین ڈیولپمنٹ کا کام ہو رہا تھا۔ وہیں، باقی ملازمین نزید میں واقع دوسری عمارت میں کام کرتے تھے جو کار پروجیکٹ کے لیے وقف تھی۔

ایپل کے کار پروجیکٹ کے حوالہ سے دنیا بھر میں تجسس پایا جاتا ہے۔ حال ہی میں کئی موبائل اور گیجٹ کمپنیوں نے برقی گاڑی (ای وی) تیار کرنے کے میدان میں قدم رکھا ہے۔ شیاومی اور ہواوے جیسی چینی اسمارٹ فون کمپنیاں ای وی مارکیٹ میں اتر چکی ہیں۔ ایپل نے کچھ روز قبل اپنا پروٹوٹائپ (نمونا) پیش کیا تھا، لیکن اس سال کے اوائل میں خبر آئی کہ ایپل نے کار پروجیٹ سے پیچھے ہٹنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔



from Qaumi Awaz https://ift.tt/lqRfxLX

جمعرات، 28 مارچ، 2024

صرف 4 فیصد ہندوستانی کمپنیاں سائبر حملوں سے نمٹنے کے لیے تیار! رپورٹ

نئی دہلی: ایک نئی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ہندوستان میں صرف 4 فیصد کمپنیاں ہی سائبر سیکورٹی کے خطرات سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔ سسکو کے 2024 سائبر سیکوریٹی ریڈینیس انڈیکس نے کہا کہ سائبر حملوں کا جواب دینے کے لیے کمپنیوں کی تیاری اہم ہے۔ 82 فیصد جواب دہندگان کا خیال ہے کہ اگلے 12 سے 24 مہینوں میں ان کی کمپنیوں کی سائبر سیکورٹی کی خلاف ورزی ہو سکتی ہے۔

وہیں، 88 فیصد کمپنیاں اب بھی اپنے موجودہ انفراسٹرکچر کے ساتھ سائبر حملوں کے خلاف دفاع کرنے کی اپنی صلاحیت پر اعتماد محسوس کرتی ہیں۔ سسکو میں سیکورٹی اور تعاون کے جنرل مینیجر جیتو پٹیل نے کہا، ’’ہم سائبر حملوں سے نمٹنے کے اپنے اعتماد کے سبب درپیش خطرے کی شدت کو کم نہیں سمجھ سکتے۔

جیتو پٹیل نے کہا، ’’آج، کمپنیوں کو مربوط پلیٹ فارمز میں سرمایہ کاری کو ترجیح دینے کے لیے اے آئی پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔‘‘ عالمی سطح پر تقریباً تمام (99 فیصد) کمپنیوں کے اگلے 12 مہینوں میں اپنے سائبر سیکورٹی بجٹ میں اضافہ کرنے کی توقع ہے۔ تقریباً 71 فیصد کمپنیاں اگلے 12 سے 24 مہینوں میں اپنے آئی ٹی انفراسٹرکچر کو نمایاں طور پر اپ گریڈ کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔

سسکو انڈیا اور سارک کے سیکورٹی بزنس ڈائریکٹر سمیر کمار مشرا نے کہا، ’’کمپنیوں کو ابھرتے ہوئے خطرات کے خلاف اپنے دفاع کو مضبوط کرنے کے لیے اپنی سائبر سیکورٹی حکمت عملی کے حصے کے طور پر اے آئی کو کو فرنٹ لائن میں رکھنا ہوگا، تاکہ بڑھتے خطرات کے مقابلے میں ان کی حفاظت کو مضبوط بنایا جا سکے۔‘‘



from Qaumi Awaz https://ift.tt/VD9UHlw

منگل، 26 مارچ، 2024

ہندوستان کی ’پیداواری صنعت‘ رینسم ویئر حملوں کا سب سے بڑا ہدف: تحقیق

نئی دہلی: ہندوستان کی پیداواری کی صنعت (مینوفیکچرنگ انڈسٹری) نے 2023 میں رینسم ویئر (ایک طرح کا وائرس جس کے ذریعے کسی کے کمپیوٹر پر سائبر حملہ کر کے تاوان طلب کیا جاتا ہے) کے سب سے زیادہ حملے برداشت کئے۔ یہ بات ایک عالمی رپورٹ میں سامنے آئی ہے۔

پالو آلٹو نیٹ ورک کی یونٹ 42 کی رپورٹ 250 سے زیادہ تنظیموں اور 600 سے زیادہ واقعات کے ڈیٹا پر مبنی ہے۔ اس نے لیک ہونے والی سائٹس کے پلیٹ فارمز سے 3998 پوسٹس کی جانچ کی جہاں دھمکی دینے والے اداکاروں نے متاثرین کو تاوان ادا کرنے پر مجبور کرنے کے لیے مختلف رینسم ویئر گروپس سے چوری کیے گئے ڈیٹا کو عوامی طور پر ظاہر کیا۔

عالمی سطح پر 2022-2023 کے دوران کثیر بھتہ خوری کے رینسم ویئر حملوں میں سال بہ سال 49 فیصد اضافہ متوقع ہے، جس میں ہندوستان میں مینوفیکچرنگ سیکٹر سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔

پالو آلٹو نیٹ ورکس کے ایم ڈی، انل ویلوری نے ایک بیان میں کہا، ’’ہندوستان میں مینوفیکچرنگ سیکٹر گزشتہ سال رینسم ویئر کے حملوں کا ایک بنیادی ہدف بن کر ابھرا ہے۔ یہ غیر پائیدار رجحان ہندوستانی مینوفیکچرنگ سیکٹر کے اندر اہم کمزوریوں کو نمایاں کرتا ہے۔‘‘

انہوں نے مزید کہا، ’’تنظیموں کو چاہیے کہ وہ انٹرپرائز وائیڈ زیرو ٹرسٹ نیٹ ورک آرکیٹیکچر کو لاگو کریں تاکہ سیکورٹی کی پرتیں بنائیں جو حملہ آور کو نیٹ ورک کے ارد گرد گھومنے سے روکتی ہیں۔‘‘ رپورٹ میں یہ بھی ظاہر کیا گیا ہے کہ 2022 کے ایک تہائی واقعات سے 2023 میں فشنگ کم ہو کر صرف 17 فیصد رہ گئی۔

رپورٹ کے مطابق، "یہ فشنگ کے کم ترجیح بننے کا اشارہ ہے۔ سائبر مجرم تکنیکی طور پر زیادہ جدید اور شاید زیادہ موثر مداخلت کے طریقے اپنا رہے ہیں۔‘‘

مزید برآں، رپورٹ میں سافٹ ویئر اور اے پی آئی کی کمزوریوں کے استحصال میں نمایاں اضافہ پایا گیا۔ سال 2022 میں یہ 28.20 فیصد تھی جو 2023 میں بڑھ کر 38.60 فیصد ہو گئی۔



from Qaumi Awaz https://ift.tt/hpXd9IK

انسان جانوروں میں وائرس کے پھیلاؤ کا بڑا ذریعہ: تحقیق

لندن: ایک تحقیق سے پتا چلا ہے کہ انسان اکثر جنگلی اور گھریلو جانوروں میں وائرس پھیلاتے ہیں جس سے ان میں بیماری کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ یونیورسٹی کالج لندن (یو سی ایل) کے محققین نے وائرل جینوم کا تجزیہ کیا جس سے یہ بات سامنے آئی کہ انسانوں کو کبھی بھی وائرس کے پھیلاؤ کا ذریعہ نہیں سمجھا گیا اور وائرس کے انسان سے جانوروں کے پھیلاؤ پر بہت کم توجہ دی گئی۔

یو سی ایل کے انسٹی ٹیوٹ آف جیناٹکس اور فرانسس کرک انسٹی ٹیوٹ میں ڈاکٹریٹ کے طالب علم، اہم مصنف سیڈرک ٹین نے کہا، "جب جانوروں میں انسانوں سے وائرس منتقل ہوتا ہے تو یہ نہ صرف جانوروں کو نقصان پہنچا سکتا ہے، بلکہ تمام انواع کے تحفظ کے لیے خطرہ بن سکتا ہے۔ بلکہ اسے روکنے کے لیے بڑی تعداد میں جانوروں کو مارنے کی ضرورت پڑتی ہے۔‘‘

انہوں نے مزید کہا، ’’اس کے علاوہ اگر انسانوں سے پھیلنے والا نیا وائرس جانوروں کی کسی نئی نسل کو متاثر کرتا ہے، تو یہ انسانوں میں سے ختم ہونے کے بعد بھی ترقی کی منازل طے کر سکتا ہے۔‘‘ نیچر ایکولوجی اینڈ ایوولوشن نامی جریدے میں شائع ہونے والی تحقیق کے لیے ٹیم نے تقریباً 12 ملین (ایک کروڑ 20 لاکھ) وائرل جینوم کا تجزیہ کیا۔

محققین نے پایا کہ ’’وائرس انسانوں سے جانوروں میں پھیلنے کا امکان تقریباً دوگنا ہے۔ یہ نمونہ زیادہ تر وائرل خاندانوں میں یکساں تھا۔‘‘ یو سی ایل جیناٹکس انسٹی ٹیوٹ کے شریک مصنف پروفیسر فرانکوئس بیلوکس نے کہا، ’’انسانوں سے جانوروں میں وائرس کا پھیلنا انفیکشن کا ایک طریقہ ہے لیکن اس کے دوسرے طریقے بھی ہیں۔‘‘



from Qaumi Awaz https://ift.tt/OzT8Iv3

جمعہ، 22 مارچ، 2024

2023 میں موبائل ڈیوائسز پر 3.38 کروڑ سائبر حملے روکے گئے: رپورٹ

نئی دہلی: عالمی سطح پر سال 2023 میں موبائل ڈیوائسز پر میلویئر، ایڈویئر اور رسک ویئر کے 3.38 کروڑ حملے بلاک کیے گئے، جو کہ 2022 کے مقابلے میں 50 فیصد زیادہ ہے۔ اس بات کا جمعہ کو جاری ہونے والی ایک نئی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق محققین نے 3 نئے خطرناک اینڈرائیڈ میلویئر ویرینٹ - ٹیمبر، ڈوافان اور گیگابڈ کا مطالبہ ہے۔

عالمی سائبرسیکیوریٹی کمپنی کسپرسکی کے مطابق ٹیمبر، ڈوافان اور گیگابڈ کے بدنیتی پر مبنی پروگراموں میں متعدد خصوصیات ہیں جن میں دیگر پروگراموں کو ڈاؤن لوڈ کرنا اور اسناد چوری کرکے ٹو فیکٹر تصدیق (2ایف اے) اور اسکرین ریکارڈنگ کو نظرانداز کر کے صارف کی رازداری اور سلامتی کو خطرے میں ڈالنا شامل ہیں۔

کیسپرسکی جی آر ای اے ٹی کے سینئر سیکورٹی محقق جونٹ وین ڈیر وائل نے کہا، ’’2 سال پرسکون رہنے کے بعد 2023 میں اینڈرائیڈ میلویئر اور تھریٹ ویئر کی سرگرمیاں بڑھ گئیں، جو سال کے آخر تک 2021 کی سطح پر واپس آ گئیں۔‘‘

رپورٹ کے مطابق ٹیمبر ایک اسپائی ویئر ایپلی کیشن ہے جو ترکی میں صارفین کو نشانہ بناتی ہے۔ یہ خود کو ایک آئی پی ٹی وی ایپ کے طور پر ظاہر کرتی ہے۔ یہ مناسب اجازت حاصل کرنے کے بعد حساس صارف کی معلومات جیسے ایس ایم ایس پیغامات اور کی اسٹروکس جمع کرتا ہے۔

ڈوافان جو نومبر 2023 میں دریافت ہوا، چینی کمپنیوں کے سیل فونز پر حملہ کرتا ہے اور بنیادی طور پر روسی مارکیٹ کو نشانہ بناتا ہے۔ میلویئر کو سسٹم اپ ڈیٹ ایپلی کیشن کے جزو کے طور پر تقسیم کیا جاتا ہے اور یہ آلہ کے ساتھ ساتھ ذاتی ڈیٹا کے بارے میں معلومات جمع کرتا ہے۔

گیگا بڈ 2022 کے وسط سے فعال ہے۔ اس نے ابتدا میں جنوب مشرقی ایشیا کے صارفین سے بینکنگ اسناد چرانے پر توجہ مرکوز کی، لیکن بعد میں اسے پیرو جیسے دیگر ممالک تک پھیلا دیا گیا۔ محققین نے کہا کہ اس کے بعد سے یہ ایک جعلی لون میلویئر میں تبدیل ہوا ہے جو اسکرین ریکارڈنگ اور صارف کو 2ایف اے کو نظرانداز کرنے کے لیے ٹیپ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

وائل نے کہا، ’’صارفین کو احتیاط کرنی چاہیے اور غیر سرکاری ذرائع سے ایپس ڈاؤن لوڈ کرنے سے گریز کرنا چاہیے، ایپ کی اجازتوں کا بغور جائزہ لینا چاہیے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ان ایپس میں استحصالی فعالیت کا فقدان ہے اور یہ مکمل طور پر صارفین کی طرف سے دی گئی اجازتوں پر منحصر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اینٹی میلویئر ٹولز استعمال کرنے سے آپ کے اینڈرائیڈ ڈیوائس کو محفوظ رکھنے میں مدد مل سکتی ہے۔



from Qaumi Awaz https://ift.tt/B1u9tOx

منگل، 19 مارچ، 2024

سائنسدانوں کا ایچ آئی وی سے متعلق بڑا کارنامہ، جین ایڈیٹنگ سے وائرس کو خلیہ سے کیا علیحدہ!

سائنسدانوں نے کہا ہے کہ انہوں نے جین ایڈیٹنگ ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے ایچ آئی وی کو خلیہ سے کامیابی سے علیحدہ کر دیا ہے۔ سائنسدانوں کے مطابق، انہوں نے نوبل انعام یافتہ کرسپر جین ایڈیٹنگ ٹیکنالوجی کا استعمال کر کے متاثرہ خلیہ سے ایچ آئی وی کو کاٹ کر الگ کیا۔

بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق، اس تکنیک کا استعمال کرتے ہوئے انہوں نے ڈی این اے کو مالیکیولر لیول پر قینچی کی طرح کاٹ کر متاثرہ حصوں کو الگ کیا ہے۔ ایمسٹرڈیم یونیورسٹی کی ٹیم کا کہنا ہے کہ انہیں امید ہے کہ اس طریقے سے ایچ آئی وی انفیکشن کو جسم سے دور کیا جا سکتا ہے۔

تاہم رواں ہفتے ہونے والی ایک میڈیکل کانفرنس میں اس سے متعلق تحقیق کے بارے میں مزید معلومات دیتے ہوئے ٹیم نے کہا کہ موجودہ تحقیق اس ’تصور‘ کو ثابت کرتی ہے کہ اس طرح خلیہ کے ڈی این اے کے متاثرہ حصے کو ہٹایا جا سکتا ہے، لیکن ایسا نہیں ہے کہ اس طریقہ سے ایچ آئی وی کا جلد علاج ہو جائے۔

اب تک دستیاب ادویات ایچ آئی وی کو پھیلنے سے روک کر اس کا علاج کرتی ہیں، لیکن وہ اسے جسم سے مکمل طور پر ختم نہیں کر سکتیں۔



from Qaumi Awaz https://ift.tt/dE6BcQZ

جمعرات، 7 مارچ، 2024

روس نے چاند پر بھی جوہری پلانٹ کی تعمیر کا خیال پیش کر دیا

روسی خلائی ایجنسی روسکوسموس کے سربراہ کے مطابق روس اور چین سن 2035 تک چاند کی سطح پر ایک جوہری پاور پلانٹ کی تعمیر کے منصوبے پر 'سنجیدگی سے غور' کر رہے ہیں۔روس کی خلائی ایجنسی کے سربراہ یوری بوریسوف نے پیر کے روز کہا کہ ماسکو بیجنگ کے ساتھ اس مشترکہ قمری پروگرام کے تحت ''جوہری خلائی توانائی'' میں اپنی مہارت کا کردار ادا کرنے کا ارادہ رکھتا ہے، جس میں چاند پر جوہری پاور پلانٹ کی تعمیر بھی شامل ہے۔

یوری بوریسوف نے متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ ممکنہ قمری بستیوں کے لیے بجلی کی قابل اعتماد فراہمی کو یقینی بنانے میں شمسی پینلز کافی نہیں ہوں گے۔ بوریسوف نے نوجوانوں کی ایک تقریب کے دوران کہا، ''آج ہم سنجیدگی سے اس پروجیکٹ پر غور کر رہے ہیں، جس کے تحت ہم اپنے چینی ساتھیوں کے ساتھ مل کر سن 2033 سے 2035 کے اواخر تک چاند کی سطح پر ایک پاور یونٹ فراہم کرنے کے ساتھ ہی اسے نصب کر سکیں گے۔''

امریکہ میں کچھ لوگوں نے اس بات کی قیاس آرائی کی تھی کہ روس سیٹلائٹ کے خلاف ایک نئی قسم کا جوہری ہتھیار استعمال کرنے کا منصوبہ بنا رہا ہے۔ لیکن روسی جوہری ادارے کے سربراہ کا کہنا تھا کہ روس کا خلا میں جوہری ہتھیار رکھنے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔ واضح رہے کہ یوری بوریسوف نے 2022 میں روسی خلائی ایجنسی روسکوسموس کی ذمہ داریاں سنبھالی تھیں۔ بوریسوف نے مزید کہا کہ چاند پر جوہری پلانٹ کو مشینوں کے ذریعے تعمیر کرنے کی ضرورت ہوگی اور بتایا کہ اس منصوبے کے لیے پہلے سے ہی قابل استعمال تکنیکی حل بھی موجود ہیں۔

روس اور چین کے درمیان خلائی تعاون

مارچ 2021 میں ماسکو اور بیجنگ نے ایک بین الاقوامی قمری تحقیقی اسٹیشن کی تعمیر کے معاہدے پر دستخط کیے تھے اور جون 2021 میں اس کی تعمیر کے لیے روڈ میپ پیش کیا گیا تھا۔ چین کا اپنا بھی ایک 'چینج سکس' نامی چاند کی دریافت کا خصوصی پروگرام ہے، جس کے ذریعے بغیر پائلٹ کے ہی ایک خلائی گاڑی قمری چٹانوں کے نمونے جمع کرنے کے لیے مئی میں بھیجے جانے کا امکان ہے۔

دوسری جانب حالیہ برسوں میں روس کے خلائی پروگرام کو مسلسل ناکامیوں کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ گزشتہ 47 سالوں میں اس کا پہلا قمری مشن لونا-25 خلائی جہاز کنٹرول سے باہر ہو کر گر کر تباہ ہو گیا تھا۔ مستقبل میں چاند پر بسنے والی ممکنہ کالونیوں کو پاور فراہم کرنے کے لیے نیوکلیئر ری ایکٹرز کے استعمال کا تصور پہلی بار امریکی خلائی ایجنسی ناسا نے پیش کیا تھا۔ سن 1969 میں اپولو 11 مشن کے ذریعے انسانوں کو چاند پر اتارنے کے چند ماہ بعد، ہی اپولو 12 کے خلابازوں نے چاند کی سطح پر سائنسی تجربات کے لیے بجلی فراہم کرنے کے مقصد سے ایک جوہری جنریٹر کا استعمال کیا تھا۔

چاند کی راتیں زمین کے 14 دنوں کی مدت تک بھی طویل ہوتی ہیں، اس لیے انسانوں اور بغیر پائلٹ والے قمری مشنوں کے لیے بھی مکمل طور پر شمسی توانائی پر انحصار خطرات کا سبب ہو سکتی ہے۔ خلا میں توانائی کی فراہمی کا مسئلہ اب مزید ضروری ہوتا جا رہا ہے کیونکہ ناسا اپنے آرٹیمس مشن کے تحت لوگوں کو چاند پر بھیجنے کے منصوبوں پر بہت تیزی سے کام کر رہا ہے اور اب اس کی پہلی لینڈنگ سن 2026 میں طے کی گئی ہے۔

سن 20222 میں ناسا نے اعلان کیا تھا کہ وہ جوہری توانائی کے نظام کے لیے ''خیالی تجاویز'' کو اپنانے کے لیے امریکی محکمہ توانائی کے ساتھ تعاون کر رہا ہے۔ امکان ہے کہ رواں عشرے کے اواخر تک ناسا کا جوہری توانائی کا نظام لانچ کے لیے تیار ہو گا۔



from Qaumi Awaz https://ift.tt/hqJndpy

ہفتہ، 2 مارچ، 2024

شادی ڈاٹ کام اور نوکری ڈاٹ کام سمیت متعدد ہندوستانی ایپس پلے اسٹور سے غائب، گوگل کی کارروائی

نئی دہلی: گوگل نے متعدد ہندوستانی ایپس پر کارروائی کی ہے۔ رپورٹ کے مطابق گوگل نے 10 ایپس کو اپنے اینڈرائیڈ پلے اسٹور سے ہٹا دیا ہے۔ اس فہرست میں کئی معروف نام ہیں اور شادی ڈاٹ کام، نوکری ڈاٹ کام اور 99ایکڑ جیسی کمپنیوں کی ایپس بھی اس کی زد میں آ گئی ہیں۔ پچھلے سال کمپنی نے کچھ ایپ ڈویلپرز کو انتباہ بھی دیا تھا۔

دراصل، کچھ ایپس گوگل کی بلنگ پالیسیوں میں ناکام نظر آ رہے تھے، جس کے بعد اسے وارننگ دی گئی۔ اب آخر کار 10 ایپس پر ایکشن لیتے ہوئے گوگل نے ان ایپس کو گوگل پلے اسٹور سے ہٹانے کا فیصلہ کیا ہے۔ تاہم گوگل نے ابھی تک تمام ایپس کی فہرست جاری نہیں کی۔

گوگل نے کچھ ایسی ایپس کے خلاف کارروائی کی ہے جن کے نام سامنے آئے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ نام کوکو ایف ایم، بھارت میٹریمونی، شادی ڈاٹ کام، نوکری ڈاٹ کام، 99ایکڑ، ٹرولی میڈلی، کویک کویک، اسٹیگ، اے ایل ٹی ٹی (آلٹ بالاجی) اور دو دیگر ایپس ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ معاملہ سروس فیس کی عدم ادائیگی کا ہے۔ اسی وجہ سے ٹیک دنیا کے معروف پلیٹ فارم نے ان ایپس کو ہٹانے کا فیصلہ کیا ہے۔ دراصل، بہت سے اسٹارٹ اپ چاہتے تھے کہ گوگل چارجز عائد نہ کرے اور پھر انہوں نے یہ ادائیگی نہیں کی۔

تاہم یہ معاملہ سپریم کورٹ تک بھی پہنچ گیا۔ گوگل کو اس میں گرین سگنل مل گیا اور اس نے ایپس کو کوئی ریلیف نہیں دیا۔ اس کے بعد اسٹارٹ اپ سے کہا گیا کہ وہ فیس ادا کریں ورنہ ان کی ایپس کو ہٹا دیا جائے گا۔

کوکو ایف ایم کے سی ای او لال چند بشو نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر پوسٹ کر کے گوگل پر تنقید کی اور اس کے فیصلے کو غلط قرار دیا۔ نوکری ڈاٹ کام اور 99ایکڑ کے بانی سنجیو بکھل چندانی نے بھی پوسٹ کر کے گوگل کے تئیں اپنی ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔ تاہم، یہ ایپس پلے اسٹور پر کب واپس آئیں گی، اس بارے میں ابھی تک کوئی تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں۔



from Qaumi Awaz https://ift.tt/blD9BNv